فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں ورلڈ پولیو ڈے بارے تقریب
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں ورلڈ پولیو ڈے کے سلسلے میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
دنیا بھر میں ہر سال 24 اکتوبر کو منائے جانے والے ورلڈ پولیو ڈے کے حوالے سے منعقدہ اس تقریب کا موضوع ‘‘شکریہ فرنٹ لائن ورکرز’’ تھا۔ تقریب میں محکمہ صحت کے حکام، یونیورسٹی انتظامیہ، طلبہ اور ڈے کیئر بچوں نے شرکت کی اور بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے اور پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کی کوششوں میں فرنٹ لائن ورکرز کی اہم خدمات کو سراہا۔ طلبہ اور ڈے کیئر بچوں نے تقریب کے موضوع کے تحت فن پارے تیار کرکے فرنٹ لائن پولیو ورکرز کے لیے اپنی قدر دانی کا اظہار کیا۔ ان فن پاروں کے ذریعے ان کارکنوں کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا جو گھر گھر اور مختلف آبادیوں میں جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کو یقینی بناتے ہیں۔ اس سرگرمی نے نوجوانوں کو فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات کو تسلیم کرنے اور پولیو فری پاکستان کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کرنے کا تخلیقی موقع فراہم کیا۔وزیراعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن برائے پولیو عظمٰی کاردار نے فرنٹ لائن ورکرز کی لگن اور ثابت قدمی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بچوں کی صحت کے تحفظ میں ان کی کوششوں کی اہمیت اجاگر کی۔ انہوں نے کہا کہ ان کارکنوں کی محنت، والدین کے اعتماد اور کمیونٹی کے تعاون سے ہر بچے کو پولیو سے محفوظ بنانے میں مدد ملتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments