راولپنڈی:فوڈاتھارٹی نے ساڑھے 47من مضرصحت گوشت پکڑلیا
گوشت کو منڈی بہاؤالدین سے راولپنڈی کے بھابڑہ بازار میں سپلائی کیا جانا تھا ویٹرنری ڈاکٹر نے موقع پر گوشت کوانسانی صحت کیلئے مضر قرار دیا،کارروائیاں جاری
راولپنڈی (نیوز رپورٹر)راولپنڈی میں شہریوں کی صحت سے کھیلنے کی کوشش ناکام، 1900 کلو(47.5من) مضر صحت گوشت پکڑ کر تلف کر دیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایات پر کارروائی کرتے ہوئے فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے دو گاڑیوں میں چھپا کر لایا جانے والا مضر صحت گوشت پکڑ لیا۔ گوشت کو منڈی بہاؤالدین سے راولپنڈی کے بھابڑہ بازار میں سپلائی کیا جانا تھا۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ایک گاڑی نیو چاکرہ جبکہ دوسری وارث خان کے قریب پکڑی گئی۔ ویٹرنری ڈاکٹر نے موقع پر گوشت کا معائنہ کیا اور اسے انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا، جس کے بعد 1900 کلو گوشت موقع پر تلف کر دیا گیا۔دونوں گاڑیاں پولیس نے تحویل میں لے کر مقدمات درج کر لیے ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق صوبے بھر میں ناقص اور مضر صحت گوشت کی خرید و فروخت کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments