بیرسٹر عقیل سے انسانی حقوق کمیشن مالدیپ کے وفد کی ملاقات
مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں روابط بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے دوطرفہ تعاون ناگزیر ،وزیر مملکت قانون و انصاف
اسلام آباد ( دنیا رپورٹ ) مالدیپ کے انسانی حقوق کمیشن کے وفد نے وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت کمشنر احمد معصوم اور سیکرٹری جنرل عائشہ شاہین نجمی نے کی۔ قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کی چیئرپرسن رابعہ جویری آغا اور وفاقی سیکرٹری وزارتِ انسانی حقوق عبدالخالق شیخ بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر کمزور اور محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ، سماجی تحفظ کے اقدامات اور انسانی حقوق کے شعبے میں تجربات اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے پر گفتگوکی گئی۔ فریقین نے بنیادی حقوق کے فروغ اور تحفظ میں قومی انسانی حقوق کے آزاد اداروں کے اہم کردار پر بھی زور دیا۔ وزیرِ مملکت بیرسٹر عقیل ملک نے کہا انسانی حقوق سے متعلق مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل روابط اور تعاون ناگزیر ہے ۔ انہوں نے انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے باہمی تجربات سے استفادہ کرنے اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments