اسلام آباد:قتل مقدمات تفتیش،30پولیس افسروں کاتربیتی پروگرام
مقصد تفتیش کے حوالے سے پولیس افسران کی عملی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا تھا
اسلام آباد(نامہ نگار) ترک تعاون و رابطہ ایجنسی (ٹیکا) نے ترک قومی پولیس اور پاکستان کے نیشنل پولیس بیورو کے اشتراک سے 19 سے 23 اکتوبر 2026 تک اسلام آباد میں قتل کے مقدمات کی تفتیش کی تکنیکوں سے متعلق تربیت برائے تربیت دہندگان (ٹریننگ آف ٹرینرز) پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔پروگرام میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اور پنجاب کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے 30 پولیس افسران نے شرکت کی۔ تربیت کا مقصد قتل کے مقدمات کی تفتیش کے حوالے سے پولیس افسران کے پیشہ ورانہ علم اور عملی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا تھا۔پانچ روزہ تربیتی پروگرام ترک قومی پولیس کے تین ماہر ٹرینرز نے منعقد کیا، جس میں جائے وقوعہ پر شواہد جمع کرنے کے طریقہ کار، تفتیشی عمل، انٹرویو کی تکنیکوں، منظم قتل کے مقدمات کی تفتیش، فرانزک معائنے ، فرانزک میڈیسن اور تکنیکی و جسمانی نگرانی سمیت مختلف اہم موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر کیپٹن (ر) عطا محمد نے تربیتی پروگرام کو مفید قرار دیا اور ترک قومی پولیس اور ٹیکا کی معاونت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے اپنے خطاب میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان علم، تجربات اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے تبادلے کو فروغ دینے والے تربیتی پروگراموں کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔پروگرام کے اختتام پر شرکاء میں تربیت کی تکمیل کے سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments