عالمی جامعات کی درجہ بندی میں پاکستان کی محدود نمائندگی
سرکاری و نجی جامعات کو کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز 2028 میں شرکت کی ہدایت
اسلام آباد(ماہتاب بشیر) عالمی جامعات کی درجہ بندی میں پاکستان کی محدود نمائندگی اور متعدد جامعات کی جانب سے مطلوبہ معلومات فراہم نہ کرنے کے باعث ایچ ای سی نے سرکاری و نجی جامعات کو کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز 2028 میں شرکت کی ہدایت کردی ہے ۔ ایچ ای سی نے تسلیم کیا ہے کہ اگرچہ پاکستانی جامعات نے بین الاقوامی درجہ بندی میں حوصلہ افزا کارکردگی دکھائی ہے ، تاہم مجموعی طور پر اس عمل میں جامعات کی شرکت اب بھی محدود ہے ، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کی اعلی تعلیم کی نمائندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔اس سلسلے میں وائس چانسلرز، ریکٹرز اور جامعات کے سربراہان کو ارسال کردہ خط میں ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیا الحق نے جامعات پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنے اداروں سے متعلق مطلوبہ اعداد و شمار اور دیگر معلومات فراہم کریں تاکہ پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں بہتر نمائندگی یقینی بنائی جاسکے ۔ایچ ای سی کے مطابق جامعات کو درپیش مشکلات دور کرنے اور انہیں عالمی درجہ بندی کے تقاضوں سے آگاہ کرنے کیلئے ملک گیر استعداد کار بڑھانے کا پروگرام شروع کیا گیا ہے ، جس میں کیو ایس رینکنگز کے طریقہ کار، ڈیٹا کی ضروریات اور ادارہ جاتی تیاری سے متعلق رہنمائی فراہم کی جارہی ہے ۔ یہ پروگرام دسمبر 2026تک مکمل ہوگا۔ایچ ای سی نے ڈپٹی ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن ڈیٹا ریپوزٹری ڈویژن محمد علی بیگ کو نیشنل یونیورسٹی رینکنگز کیلئے قومی رابطہ کار مقرر کیا ہے۔ ادھر ایچ ای سی نے پاکستانی جامعات کی عالمی درجہ بندی میں بہتر نمائندگی اور موثر شرکت یقینی بنانے کیلئے کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز سے متعلق ایک روزہ تربیتی پروگرام منعقد کیا، اسلام آباد، راولپنڈی، آزاد کشمیر اور گردونواح کی 40جامعات کے نمائندوں نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments