شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا ئیگا ،آ ئی جی اسلام آباد
سہیل چودھری نے نمایاں کارکردگی کے حامل پولیس افسروں کو تعریفی اسناد دیں
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری نے شہریوں کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کرنے اور بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں تعریفی اسناد سے نوازا۔ انہوں نے شہریوں کی خدمت کو اپنا شعار بنانے والے پولیس افسران کو سنٹرل پولیس آفس مدعو کیا، جہاں ان کی خدمات کو سراہا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا ئیگا، شہریوں کی خدمت، ان کے مسائل کا بروقت حل اور عزت و احترام سے پیش آنا اسلام آباد پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ عوامی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہوئے دیانت داری، خلوص اور پیشہ ورانہ لگن سے فرائض انجام دینے والے افسران محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ شہریوں کی شکایات ترجیحی بنیادوں پر سنیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، میرٹ پر کارروائی اور بروقت انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments