کیپٹل ہسپتال کی مالی خودمختاری کیلئے سی ڈی اے ہیلتھ فائونڈیشن کے قیام کی منظوری
ہیلتھ فاؤنڈیشن کا انتظام بورڈ آف گورنرز، سی ای او کے ذریعے چلایا جائیگا، نجی پریکٹس کے امور ہیلتھ فاؤنڈیشن دیکھے گی سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں اسلام آباد ایونیو کیلئے بائی لاز بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری بھی دی گئی ترقیاتی ادارہ شہریوں کی بہتر خدمت، دارالحکومت کی ترقی کیلئے کوشاں ، چیئر مین سہیل اشرف کا اجلا س سے خطاب
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی زیر صدارت بدھ کو سی ڈی اے بورڈ کا بائیسواں اجلاس ہوا ۔ سی ڈی اے بورڈ کے بائیسویں اجلاس میں کیپٹل ہسپتال کی مالی خود مختاری اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے سی ڈی اے ہیلتھ فاؤ نڈیشن کے قیام کی منظوری دی گئی۔ سی ڈی اے ہیلتھ فاؤنڈیشن کا انتظام بورڈ آف گورنرز اور سی ای او کے ذریعے چلایا جائیگا اور نجی پریکٹس کے امور کی نگرانی و انتظام ہیلتھ فاؤنڈیشن کے ماتحت ہوگا۔ کیپٹل ہسپتال میں ادارہ جاتی نجی انسٹیٹیوٹ بیس پرائیویٹ پریکٹس کے باقاعدہ آغاز کی بھی منظوری دی گئی۔ اس اقدام کا مقصد کیپٹل ہسپتال کے ریونیو میں مزید اضافہ اور مالیاتی طور پر خود مختار بنانا ہے ۔ نجی پریکٹس سے حاصل شدہ آمدنی کو ہسپتال کی سروسز کو مزید بہتر کرنے پر خرچ کی جائیگی۔ مزید برآں سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں اسلام آباد کے زون فور میں زیر تعمیر شاہراہ اسلام آباد ایونیو کیلئے بائی لاز بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی جو زیر تعمیر اسلام آباد ایونیو کے بائی لاز سے متعلقہ سفارشات مرتب کریگی۔علاوہ ازیں اجلاس میں سیکٹر E-12/4 میں ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح اجلاس میں سیکٹر E-12/4 کی مرکزی شاہراہ اور سروس روڈ سمیت مختلف پاکٹس میں ترقیاتی کاموں کی منظوری بھی دی گئی۔بعد ازاں اجلاس میں اسلام آباد کے رہائشی سیکٹرز میں سب ڈویژن کے زیر التوا کیسز کو پالیسی کے مطابق جلد نمٹانے کی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے کہا کہ سی ڈی اے شہریوں کی بہتر خدمت اور دارالحکومت کی ترقی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments