معروف لوک فنکارجلال چانڈیو کی برسی پر محکمہ ثقافت کی سردمہری
سرکاری سطح پر کوئی پروگرام نہیں کیا گیا،مقامی طور پر سگا کی جانب سے تقریب کا انعقاد نوڈیرو میں معروف شاعر عبدالغفار تبسم کے اعزاز میں ریسٹ ہاؤس میں محفل مشاعرہ
پڈعیدن،نوڈیرو (نمائندگان دنیا)سندھ کے مشہور فوک سنگر جلال چانڈیو کی 10 جنوری کو 18 ویں برسی منائی گئی ، محکمہ ثقافت نے مخصوص انداز کے یگانہ بادشاہ جلال چانڈیو کو بھلا دیا اور جلال چانڈیو کی برسی پر حکومتی سرپرستی میں کوئی تقریب منعقد نہیں کی گئی۔ہر سال کی طرح اس سال بھی مقامی طور پر سگا کی جانب سے برسی کی تقریب رکھی گئی ۔جلال چانڈیو نے پھل کے نواحی علاقے میں حاجی فیض محمدچانڈیو کے گھر جنم لیاانہیں بچپن سے ہی موسیقی سے لگاؤ تھا ۔انہوں نے گائیکی کی تربیت فقیر مہر علی سے حاصل کی جس کے دوران وہ اپنے استاد کے ہمراہ مختلف پروگرامز میں جاکر اپنے فن کا مظاہرہ کرتے رہے ۔1973 میں انہوں نے اپنا ایک الگ اسلوب اپنایا اور یکتاری اور چپڑی کے ماہر کے طور پر ابھر کرسامنے آئے اور تعلیم یافتہ نہ ہونے کے باوجود مخصوص انداز گائیکی کے باعث سندھی گانوں کے بادشاہ کے طور پر مشہور ہوئے ۔جلال چانڈیو نے اپنی زندگی میں ایک ہزار سے زائد آڈیو کیسٹس ریلیز کیں اور لگ بھگ 10ہزار سے زائد گانے گائے ۔انہیں 1999 میں سندھ حکومت کی جانب سے لطیف ایوارڈ سمیت متعدد ملکی و غیر ملکی ایوارڈز سے نوازا گیا۔ جلال چانڈیو گردوں کی بیماری کے باعث 10 جنوری 2001 کواپنے لاکھوں چاہنے والوں کو آبدیدہ کرکے اپنے خالق حقیقی سے جاملے ۔ جلال چانڈیوکے بیٹوں قلندر جلال، دلبر جلال، معشوق جلال اور نادر جلال میں سے واحد دلبر جلال ہی ہیں جو اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مرحوم کے مخصوص انداز گائیگی کوجاری رکھے ہوئے ہیں ۔نوڈیرو سے نمائندے کے مطابق خلیل جبران لٹریسی سوسائٹی اور آکاش اسٹوڈیو کی جانب سے سندھ کے مشہور شاعر عبدالغفار تبسم کے اعزاز میں نوڈیرو کے ریسٹ ہاؤس میں محفل مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا جس میں سندھ کے نامور شعرا ، ادیبوں اور قلمکاروں سمیت مختلف مکاتب فکر کے افراد نے شرکت کر کے شاعر عبدالغفار تبسم کو خراج تحسین پیش کیا۔پروگرام میں سندھ کے مشہور گلوکار جنسار علی سموں اور عارف علی سموں نے عبدالغفار تبسم کا کلام پیش کرکے داد وصول کی جبکہ شاعر عبدالغفار تبسم نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔