لعل شہباز قلندر کے مزار پر دھماکے کو تین سال مکمل
سانحہ سیہون کے شہدا کی تیسری برسی پر معروف کلاسیکل ڈانسر شیماکرمانی کا دھمالمحکمہ اوقاف کیجانب سے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام،لنگر تقسیم
سیہون شریف،جامشورو (نمائندگان دنیا)سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار پر دھماکے کو تین سال بیت گئے مگر قلندر کے مزار پر دھمال کا سلسلہ آج بھی جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہے ، مشہور کلاسیکل ڈانسر شیما کرمانی نے سانحہ سیہون کے شہدا کی تیسری برسی کے موقع پر مزار میں دھمال ڈال کر زائرین کا لہو گرمایا۔ شہدا کی تیسری برسی کے موقع پر ملک بھر سے بڑی تعداد میں زائرین نے سیہون شریف پہنچ کر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا، محکمہ اوقاف کیجانب سے شہدا کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں محکمہ اوقاف سندھ کے چیف ایڈمنسٹریٹر منور علی مہیسر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی جبکہ درگاہ کے احاطے میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر شیما کرمانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قلندر لعل شہباز پیارمحبت اور امن کا درس دیتے ہیں ۔آج قلندر لعل شہباز جیت گئے اور دہشت گردی ہار گئی ہے ۔ سانحہ سیہون کی تیسری برسی پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے ۔جامشورو سے نمائندے کے مطابق 16فروری 2016 کو قلندر لعل شہباز کے مزار پر 7بج کر 15 منٹ پر خودکش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 100سے زائد زائرین جاں بحق جبکہ 400 سے زائد زخمی ہوگئے تھے ۔زائرین کی بڑی تعداد اب بھی قلندر کے مزار پر حاضری دینے اور عقیدت و محبت کا اظہار کرنے میں مصروف ہے اور عقیدت مند پھول نچھاور کر رہے ہیں۔