ڈاکٹرزبیرشیخ کی ایف پی سی سی آئی کے صدر سے ملاقات

ڈاکٹرزبیرشیخ کی ایف پی سی سی آئی کے صدر سے ملاقات

ملاقات میں ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے سلسلے میں درپیش معاملات پر بات چیت ،معیارتعلیم بہتر بنانے کیلئے صنعتکاروں کے تعاون پر صدر محمدعلی جناح یونیورسٹی کا اظہار تشکر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ جن کو حال ہی میں فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان (ایف پی سی سی آئی )کی سی ایس آر کمیٹی برائے ہائر ایجوکیشن،سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سال 2021 کا ڈپٹی کنوینر مقرر کیا گیا ہے نے گزشتہ روز فیڈریشن ہاؤس میں ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں نصیر حیات مگوں سے ملاقات کی اور ان سے ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے سلسلے میں درپیش معاملات پر بات چیت کی۔ فیڈریشن کے سابق نائب صدر خرم طارق سعید بھی اس موقع پر موجود تھے ۔اس موقع پر ڈاکٹر زبیر شیخ نے ٖایف پی سی سی آئی کے صدر کو ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے نجی شعبہ کی یونیورسٹیوں کے جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اور ملک میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے جامعات کو فنڈز کی فراہمی اور ملک میں پڑھے لکھے افراد کی تعداد میں اضافہ میں دلچسپی لینے پر تاجر اور صنعتکار برادری کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ہائر ایجوکیشن اور سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے فیڈریشن کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں ملک میں یونیورسٹیوں اور انڈسٹری کے درمیان پائے جانے والے فاصلوں کو کم کیا جاسکے گا ۔میاں نصیر حیات مگوں نے ملک میں اعلی تعلیم اور تحقیق سرگرمیوں کے فروغ کے ضمن میں نجی شعبہ کی جامعات کی کارکردگی کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں