بجٹ میں اہل لیاری کیلئے بڑی خوشخبری ہے ،وزیر اطلاعات

بجٹ میں اہل لیاری کیلئے بڑی خوشخبری ہے ،وزیر اطلاعات

روڈ ،انفرااسٹرکچر، اسپورٹس اور صحت کی سہولتوں کیلئے خصوصی پیکیج دیا جائیگا،ناصرشاہ نے بانٹوا اسپتال اور ڈی ایچ اے میں ویکسی نیشن سینٹرز کا افتتاح کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے گزشتہ روز بانٹوا اسپتال میں بانٹوا میمن خدمت کمیٹی کے زیر انتظام ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر خالد لطیف ، محمد اقبال ، پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کے صدر خلیل ہوت و دیگر بھی موجود تھے ۔ سید ناصر حسین شاہ نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے لیاری والوں کے لئے آنے والے بجٹ میں بڑی خوشخبری ہے، بجٹ میں لیاری کے لئے خصوصی پیکیج دیا جائے گا ، تاکہ روڈ ،انفرااسٹرکچر، اسپورٹس اور صحت کی سہولیات میں بہتری آئے ۔علاوہ ازیں سید ناصر حسین شاہ نے ایڈوانس میڈیکل سروسز سینٹر کے تعاون سے خیابان شہباز ڈی ایچ اے فیز6 میں کوویڈ 19 ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر تقریب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سب سے اپیل کرتا ہوں کہ خدارا ویکسی نیشن کروائیں ، کچھ لوگ ویکسین نہ لگوانے کے مشورے دے رہے ہیں اور بتایا جا رہا ہے کہ ویکسی نیشن سے کوئی فائدہ نہیں اور غلط پروپیگنڈا کر رہے ہیں ان باتوں میں نہ آئیں، ویکسی نیشن بہت ضروری ہے ۔ حکومت سوشل میڈیا پر ایسی باتیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے گی۔ مزید برآں وزیر اطلاعات نے روس کے قومی دن کے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں