کیمیکل کے گودام میں آتشزدگی، جانی نقصان نہیں ہوا

کیمیکل کے گودام میں آتشزدگی، جانی نقصان نہیں ہوا

مزدوروں نے بھاگ کرجان بچائی،دومعمولی زخمی،گودام رہائشی عمارت میں قائم تھا،فائربریگیڈ کی پانچ گاڑیوں نے دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا،حکام

کراچی (اسٹاف رپورٹر )گارڈن کے علاقے نجی اسپتال کے قریب رہائشی عمارت میں قائم کیمیکل کے گودام میں آگ لگ گئی دو افراد معمولی طورپر جھلس گئے ،فائر بریگیڈ اور واٹر ٹینکر نے موقع پر پہنچ کر دوگھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل شام ساڑھے چار بجے گارڈن کے علاقے میں نجی اسپتال کے قریب رہائشی عمارت میں قائم میزنائن فلور پر قائم کیمیکل کے گودام میں پراسرار طور پر آگ لگ گئی، دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے پورے گودام کواپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ کیمیکل گودام میں کام کرنے والے افراد نے بھاگ کر اپنی جان بچائی اس دوران 2 افراد معمولی زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کے برنس وارڈ پہنچایا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر روانہ کردیاگیا۔ آگ کی شدت زیادہ ہونے اور دھوئیں کے باعث عمارت میں موجود پہلی ، دوسری اور تیسری منزل کے رہائشی افراد بھی گھروں سے باہر نکل آئے، اس دوران علاقہ مکینوں نے فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔ پانچ فائر ٹینڈر زاور 6 واٹر ٹینکرز نے موقع پر پہنچ کر دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا تھا گودام میں جانے کا ایک ہی راستہ تھا، دھواں پورے گودام میں پھیل گیا تھا جس کی وجہ سے آگ بجھانے میں دشواری ہوئی، رینجرز اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر ہجوم کو دور کیا تاکہ آگ بھجانے میں کسی بھی قسم کا خلل نہ پڑے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں