تاجروں کو اسمبلیوں میں نمائندگی دینے کا مطالبہ

تاجروں کو اسمبلیوں میں نمائندگی دینے کا مطالبہ

امن و امان کی صورتحال درست اور فوری مردم شماری کرائی جائے ، محمود حامد،شہر کا انفرا اسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے ، سڑکیں کھنڈرات بن چکی ہیں، اجلاس سے خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے فوری اورشفاف مردم شماری کرائی جائے، امن امان کی بگڑتی صورتحال تشویش ناک ہوتی جارہی ہے جسے بہتر بنانے کی ضرورت ہے، حکومت اسمبلیوں اور بلدیاتی اداروں کے اندر تاجروں کو نمائندگی دے تاکہ تاجر اپنے دیئے ہوئے ٹیکسوں کو کرپشن کی نذر ہونے سے بچا سکیں۔ وہ گزشتہ روز کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے اسمال ٹریڈرز کمیٹی کے پہلے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ محمود حامد نے مزید کہا کہ شہر کا انفرا اسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے، سڑکیں کھنڈرات، مارکیٹیں کچرا کنڈی اور گندے سیوریج کے پانی سے بھر چکی ہیں، مرکزی اور صوبائی حکومتیں اربوں روپے کے پیکیج کا اعلان کرتی ہیں مگر کراچی کے عوام کے حصے میں کچھ نہیں آتا، وقت آگیا ہے کہ ٹیکس دینے والے تاجر اسے کرپشن کی نذر ہونے سے بچا کر عوام پر لگانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اجلاس سے بی ایم جی کے زبیر موتی والا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے قائد سراج قاسم تیلی کی خدمت کے سفر کو جاری رکھیں گے۔ اسمال ٹریڈرز کمیٹی کے چیئر مین مجید میمن نے کہا کہ کراچی چیمبر سب کا چیمبر ہے اور آج کی ہماری میٹنگ اس بات کی غماز ہے کہ یہاں شہر کے تمام تاجر چیمبر کی چھتری تلے جمع ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں