حیدرآبادمیں گٹکا فروشوں کیخلاف پولیس کا کریک ڈائون

حیدرآبادمیں گٹکا فروشوں کیخلاف پولیس کا کریک ڈائون

حیدر آباد، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا، بیورو رپورٹ) سٹی پولیس نے اس اطلاع پر کہ مین پوری سپلائر احمد اور کاشف بھاری مقدار میں خام مال، مین پوری اور دیگر سامان کی منتقلی کیلئے شیر سنگھ روڈ کوہ نور چوک کے قریب کھڑے ہیں ۔

مطلوبہ جگہ پرچھاپہ مارا تو ملزمان مین پوری کی 400 پڑیاں، 14 کٹے ریپر، 5 کٹے تمباکو، 5 کٹے مٹی، 1 کٹا کھجور کی گٹھلیوں کا چورا، 1 کٹاربڑ بینڈ، 4 چھنے اور ایک الیکٹرانک کانٹا چھوڑ کر فرار ہوگئے جبکہ تھانہ فورٹ پولیس نے مائی خیری مسجد کے قریب سے مین پوری کے خام مال کی بھاری سپلائی ناکام بنادی جبکہ ملزمان شریف قریشی اور مزمل چھاپے کے دوران فرار ہوگئے اور 12 کٹے تمباکو، 10 کلو الائچی، 8 کلو لونگ، 5 کلو بتاشے ،1 کٹا مٹی، 1 کٹر مشین، 2 پنکھے ، 11 چھنے ، 25کٹے ربڑ بینڈ، 7 خاکی لفافے ، 1 کانٹا اورمین پوری کی 575 پڑیاں چھوڑ گئے ۔

علاوہ ازیں مکی شاہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے ملزم غلام محمد فاروق کو 4 مسروقہ موٹرسائیکلوں سمیت گرفتار کرلیا جبکہ اس کا ساتھی لالا اسماعیل مغیری فرار ہوگیا ،راہوکی پولیس نے لوٹ مار کی واردات میں مطلوب ملزم ارسلان چانگ کو چھینے گئے موبائل فون،بغیر نمبر پلیٹ موٹرسائیکل،ٹی ٹی پستول اور دوگولیوں سمیت گرفتار کرلیا۔

پنگریو سے نمائندے کے مطابق تھانہ ٹنڈو غلام علی پولیس نے ڈگری سے ٹنڈو غلام علی آنے والے ٹرک سے چھ لاکھ روپے کے 10کٹے سفینہ برآمد کرکے محمد سلیمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ، تھانہ کھورواہ پولیس نے گولارچی ٹو کراچی مین روڈ پر ٹرک سے 9 لاکھ روپے کے 123 کٹے سپاری چورا برآمد کرکے ڈرائیور کامران سومرو کو گرفتار کر لیا ۔تلہار پولیس نے محبوب جت کو 1020 گٹکوں سمیت، شہید فاضل راہو پولیس نے خادم علی میمن کو900 گٹکوں سمیت گرفتار کرلیا۔

محراب پورسے نمائندے کے مطابق سی آئی اے پولیس نوشہرو فیروز نے مورو پولیس تھانے کی حدود سے سرفراز احمد پٹھان کو 500 گرام چرس سمیت ،ٹھارو شاہ پولیس نے جمیل کلہوڑو کو بغیر لائسنس پستول، 2 گولیوںسمیت، رہزن اسد اللہ کلہوڑو کو بغیر لائسنس پستول،3 گولیوں سمیت جبکہ درس پولیس نے بیوی امینہ لغاری کے قتل میں ملوث شوہر عاشق لغاری اور سوبھو لغاری کو گرفتار کرلیا۔

گھوٹکی سے نمائندے کے مطابق تھانہ بی سیکشن پولیس نے دہرے قتل کے اشتہاری روپوش ملزم محمد پریل کو گرفتار کرلیا،ملزم نے 10 اکتوبر 2021 کو اپنے 6 ساتھیوں کے ساتھ زمینی تکرار پر گلزار بلو اور خمیسو بلو کو قتل کیا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں