ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ حکومت کیخلاف ایف آئی آر،وقارمہدی

ٹرانسپیرنسی کی رپورٹ حکومت کیخلاف ایف آئی آر،وقارمہدی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے انسپکشن انکوائری ٹیم و سیاسی امور اور پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ سلیکٹڈ وزیراعظم اور اس کی حکومت کے خلاف ایف آئی آر ہے۔

صرف 90 دنوں میں کرپشن کا خاتمہ کرنے کے نام نہاد دعویدار بذات خود سراپا کرپشن نکلے ۔ اپنے بیان میں وقار مہدی نے مزید کہا کہ ملک میں ریکارڈ مہنگائی، بے روزگاری اور آئے روز پیدا ہونے والے بحرانوں کا سبب عمران خان اور اس کی اے ٹی ایمز کی کرپشن ہے، لیکن عمران خان نے آٹے ، چینی، گیس، پٹرول، کھاد اور ٹماٹر کے بحرانوں میں ملوث اپنی اے ٹی ایمز پر کسی کو ہاتھ ڈالنے نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان حکومت واقعتاً ملک میں کرپشن کی نانی اماں بن گئی ہے۔ عمران خان کے جھوٹے دعووں اور کرپشن کا خمیازہ پاکستان اور اس کے عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے جھوٹے دعووں سے عام آدمی کا حکومت پر اعتماد کمزور ہوا ہے اور دنیا بھر میں پاکستان کا امیج خراب ہوا۔ وقار مہدی نے کہا کہ عمران خان نے ہر چیز کی طرح کرپشن کو بھی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن کا جرم قبول کرتے ہوئے مستعفی ہو جائیں، وگرنہ 27 فروری کے بعد عمران خان کو یہ موقع بھی نہیں ملے گا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں