نیو ملیر ہاؤسنگ اسکیم ون پر قبضے کی منظم کوشش

نیو ملیر ہاؤسنگ اسکیم ون پر قبضے کی منظم کوشش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیلاب متاثرین کی آڑ میں قبضہ مافیا فعال ہوگیا، نیو ملیر ہاؤسنگ اسکیم ون پر قبضے کی منظم کوشش، رات گئے قبضہ مافیا کے کارندے سیلاب متاثرین کی آڑ میں مسلسل مختلف داخلی راستوں سے ہیوی مشینری کے ہمراہ ایم ڈی اے اسکیم ون میں داخل ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔

 واضح رہے کہ نیو ملیر ہاؤسنگ اسکیم ون جو ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے )کی سرکاری اسکیم ہے، طویل عرصے سے ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے غیر محفوظ ہے۔ یہاں زیادہ تر شہر قائد کے باسیوں نے سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔ دریں اثنا چیئرمین آل کراچی ریئلٹرز ایسوسی ایشن کاشف شاہ نے قبضے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رجوع کر لیا ہے۔ کاشف شاہ کا کہنا ہے کہ وہ عوام کی جمع پونجی کسی بھی شخص کو ہڑپنے کی اجازت نہیں دینگے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ تمام تر معاملے پر فوری نوٹس لیں۔ ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں لیکن قبضہ مافیا کو ان کے نام پر زمینوں پر قبضے کی اجازت نہیں دے سکتے ، قبضہ مافیا نے شہر میں اپنی اجارہ داری قائم کر رکھی ہے، وہ یہ سمجھ بیٹھے ہیں کہ ان سے پوچھ گچھ نہیں ہوگی، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز اور تمام متعلقہ ادارے معاملے پر فوری نوٹس لیں اور اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں