مین پوری، گٹکے کی فروخت پر آئی جی سے رپورٹ طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے ضلع کورنگی میں مین پوری اور گٹکے کی فروخت سے متعلق درخواست پر آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔ بدھ کے روز سندھ ہائیکورٹ میں ضلع کورنگی میں مین پوری، گٹکے کی فروخت کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔
گٹکا کھانے سے مرنے والے نسیم حیدر کی بہن عدالت میں پیش ہوئیں، جبکہ تھانہ زمان ٹاؤن پولیس حکام عدالت میں پیش ہوئے۔ سجادی بیگم نے کہا کہ میرے دو بھائی منہ کے کینسر کی وجہ سے انتقال کرگئے، سب سے زیادہ گٹکا کورنگی میں چل رہا ہے، لڑکیوں سمیت نوجوان گٹکا کھانے سے مر رہے ہیں، سب سے زیادہ کورنگی میں گٹکا کھایا جا رہا ہے، تھانے سہولت کاری کا کردار ادا کررہے ہیں۔ عدالت نے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بتایا جائے پولیس نے اب تک گٹکا فروخت کرنے والوں کیخلاف کیا کارروائی کی۔ سماعت 16 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔