سیلاب متاثرین کا ٹینٹ سٹی خالی کروانے پراحتجاجی مارچ

سیلاب متاثرین کا ٹینٹ سٹی خالی کروانے پراحتجاجی مارچ

کراچی(اسٹاف رپورٹر )ملیر میں سیلاب متاثرین کیلئے قائم ٹینٹ سٹی کے مکینوں کا ضلع ملیر کی انتظامیہ اور ایم ڈی اے کی جانب سے سہولیات واپس لینے اور ٹینٹ سٹی خالی کروانے اور ہراساں کرنے کے خلاف ٹینٹ سٹی لنک روڈ سے ملیر پریس کلب تک پیدل مارچ اور احتجاج کیا گیا۔

مظاہرین نے تمام سہولیات واپس دینے کے ساتھ سحری اور افطاری کا بندوبست کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔ اس موقع پر مظاہرین غلام قادر چنہ، شاہنواز کھوسو، شفیع چنہ، ارشاد ابڑو اور دیگر نے صحافیوں کو بتایا کہ ڈی سی ملیر نے تمام فلاحی اداروں کو افطاری اور سحری کے سامان کیلئے روک دیا ہے جس کی وجہ سے 5 ہزار سے زائد ٹینٹ سٹی کے رہائشی بغیر سحری روزہ رکھنے پر مجبور ہیں ، تمام سہولیات واپس دینے کے ساتھ سحری اور افطاری کا بندوبست کیا جائے ،حکومت نے گزشتہ تین ماہ سے بجلی، کھانے پینے کی اشیا سمیت اسپتال ، سیکیورٹی کی سہولیات واپس لے لی ہیں اور مختلف اوقات پر ٹینٹ سٹی خالی کروانے کیلئے ہراساں کیا جارہا ہے ۔ مظاہرین نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ رات کے وقت ایم ڈی اے کے اہلکار سیلاب متاثرین کے ٹینٹوں پر فائرنگ کرکے زمین خالی کروانا چاہتے ہیں۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں