مہنگائی،قیمتوں پرکنٹرول سے متعلق درخواست ناقابل سماعت قرار

مہنگائی،قیمتوں پرکنٹرول سے متعلق درخواست ناقابل سماعت قرار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور قیمتوں پر کنٹرول سے متعلق درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔منگل کو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور قیمتوں پر کنٹرول سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ ہم کس قانون کے تحت کارروائی کریں؟۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ یہ مفاد عامہ کا معاملہ ہے آپ خود قانون کے تحت حکم جاری کردیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ ہم ناظر کو حکم دیں جاکر کیلے کی قیمت چیک کرے ؟ کون ریٹ لسٹ جاری کرتا ہے ؟۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے موقف اختیار کیا کہ حکومت نے کارروائی کیلئے افسران کو مجسٹریٹ کے اختیارات دے دیئے ہیں۔ عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔ درخواست گزار مزمل ممتاز ایڈووکیٹ نے جمع کرائی تھی۔ درخواست میں سندھ حکومت ،بیورو آف سپلائی اینڈ پرائس کنٹرول ،کمشنر و دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ شہر میں چیک اینڈ بیلنس کا نظام نہیں ہے نہ ہی مہنگائی پر قابو پانے کا کوئی طریقہ کار ہے ، حکمران طبقہ پر آسائش زندگی گزار رہا ہے جبکہ غریب دو وقت کی روٹی کو ترس رہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں