گیس ، پانی کی بندش پر کورنگی اور قومی شاہراہ پر مظاہر ہ

گیس ، پانی کی بندش پر کورنگی اور قومی شاہراہ پر مظاہر ہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورنگی اور نیشنل ہائی وے پر علاقہ مکینوں نے گیس اور پانی کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

 تفصیلات کے مطابق بن قاسم ٹاؤن کے علاقوں رزاق آباد، دھنی پرتو گوٹھ، امروٹی کالونی اور دیگر علاقوں میں پانی کی بندش کے خلاف سیکڑوں علاقہ مکینوں نے قاسم بلوچ، حاجی خان لاشاری اور دیگر کی قیادت میں رزاق آباد کے قریب قومی شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا جس کے باعث کراچی ٹھٹھہ قومی شاہراہ مکمل طور بند ہوگئی ۔ علاقہ مکینوں کی جانب سے واٹر بورڈ انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور مظاہرین کو مذاکرات کے بعد منتشر کیا اور ٹریفک کی روانی کو بحال کرایا۔ اسی طرح کورنگی روڈ سی ایس ڈی کینٹین کے قریب علاقہ مکینوں نے بجلی ، گیس اور پانی کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کے نتیجے میں مذکورہ شاہراہ پر ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی اور ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کالاپل کی جانب ایف ٹی سی شارع فیصل آنے والے روڈ پر منتقل کیا جانے لگا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت ایک طرف مہنگائی کو روکنے میں ناکام ہے تودوسری طرف رمضان میں بنیادی ضروریات بھی فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔ مظاہرہ ختم ہونے کے بعد ٹریفک کی روانی بحال ہوئی ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں