منتخب نمائندے ہٹانے کی باتوں میں صداقت نہیں، وزیر بلدیات

 منتخب نمائندے ہٹانے کی باتوں میں صداقت نہیں، وزیر بلدیات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نگراں وزیر بلدیات، ہائوسنگ ٹائون پلاننگ و بحالیات محمد مبین جمانی نے کہا ہے کہ منتخب چیئرمینز یا دیگر نمائندوں کو ہٹانے کی باتوں میں ابھی کوئی صداقت نہیں، ٹرانزیشن پیریڈ یکم اکتوبر سے ختم ہوجائے گا ۔۔

اور اختیارات منتخب نمائندوں کے سپرد کردئیے جائیں گے ۔ بدھ کو میڈیا کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ منتخب چیئرمینز اور نمائندوں کو ہٹانے کے حوالے سے جو خبریں گردش کررہی ہیں تاحال اس میں کوئی صداقت نہیں، ہماری کوشش ہوگی منتخب نمائندوں کو اختیارات جلد سے جلد دے دئیے جائیں، یکم اکتوبر سے اختیارات تمام منتخب چیئرمینز کے سپرد کردئیے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام ٹائونز اور یوسیز میں گھوسٹ ملازمین کا خاتمہ ہماری ترجیح ہے، محکمے کے تمام اداروں میں ملازمین کی نادرا سے تصدیق کے بعد تنخواہیں اکاؤنٹس میں منتقل کی جائیں گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں مبین جمانی نے کہا کہ تمام اداروں میں نوجوان اور قابل افسران لگا رہے ہیں تاکہ ان اداروں کی حالت کو بہتر بنا سکیں، اسی لئے ایک یا ڈیڑھ سال سے زائد ایک ہی جگہ پر موجود سی ایم او اور ٹی ایم او سمیت دیگر افسران کو ٹرانسفر کرنے کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔ کراچی میں آبی بحران کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم نے ہنگامی بنیادوں پر اس مسئلے کے حل کے لئے واٹر بورڈ کے اعلیٰ افسران کو ہدایات جاری کردی ہیں، چوری کا پانی استعمال کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے ۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں