لیاقت آباد: ٹاؤن کمیٹیوں کے قیام اورچیئرمینوں کی منظوری

 لیاقت آباد: ٹاؤن کمیٹیوں کے قیام اورچیئرمینوں کی منظوری

کراچی(این این آئی) چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے وائس چیئرمین اسحاق تیموری کے ساتھ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے کونسل کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں اراکین ٹاؤن کونسل نے شرکت کی۔

 اجلاس میں ٹاؤن کمیٹیوں کا قیام اور اُن کے چیئرمینوں،چیئرپرسنز کے ناموں اورشیڈول آف اسٹیبلشمنٹ کی منظوری دی گئی ۔نئی منتخب ہونے والی کونسل تین ماہ کے اندر اپنا جدول عملہ مرتب کرکے حکومت کو منظوری کے لئے روانہ کرے گی ۔ اراکین کونسل نے لیاقت آباد ٹاؤن کی حدود میں واقع پارکس،پلے گراؤنڈز ،اسکولز ،ڈسپنسری اور لائبریریز و دیگر پلوں کے نیچے یا ٹاؤن کی حدود میں سرکاری اراضی کے تمام اجازت ناموں و معاہدات کو منسوخ کرتے ہوئے مروجہ قواعد کے تحت این اوسی اور نئے معاہدات کی قرارداد منظور کی ۔اجلاس میں کونسل اراکین نے واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سے مطالبہ کیا کہ نو دریافت شدہ ایمرجنسی لائن کو ٹینڈل کے ذریعے ملاکر لیاقت آباد کے مکینوں کو سیوریج کی پریشانی سے نجات دلائی جائے ، بوسیدہ پانی کی لائنوں کو فوری طور پر تبدیل کیا جانا ضروری ہے ۔رہائشی علاقوں سے منسلک گندی گلیوں کی سیوریج کی لائنوں کو تبدیل کیا جائے اور اس سلسلے میں واٹر کارپوریشن میزانیہ برائے سال2023-24 میں خاطر خواہ رقم مختص کرے ، اجلاس میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی ساس کے انتقال پر تعزیتی قرارداد منظور کی گئی۔اجلاس میں پیش کی گئیں تمام قراردادیں اتفاقِ رائے سے منظور کی گئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں