کچراپھینکنے والوں کے خلاف کارروائی،25 میونسپل انسپکٹرز تعینات ہوں گے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ کے ایم سی 25 میونسپل انسپکٹرز تعینات کرے گی جو کچرا پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں گے ، پانی مافیا کے خلاف لڑ رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کئی علاقوں میں پانی کی قلت ختم ہو گئی ہے۔۔
شہر کے اثاثوں کو سنبھالنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چڑیا گھر میں نو تزئین شدہ فش ایکوریم کا افتتا ح کرنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میئر کراچی کے نمائندہ برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی ودیگر بھی موجود تھے ۔ میئر کراچی نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقے کو تفریحی سہولتیں فراہم کریں گے ، ہم ان میں سے نہیں ہیں جنہوں نے پارکوں کو قبضہ کیا، چائنا کٹنگ کی اور رہائشی علاقوں کو کمرشل علاقوں میں تبدیل کرکے رکھ دیا۔ انہو ں نے کہا کہ کئی طویل عرصے سے چڑیا گھر کی داخلہ فیس اور دیگر سہولیات کا ٹینڈر نہیں ہورہا تھا اب ہم نے اسے کیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہو ں نے کہا کہ شہر سے چارجڈ پارکنگ کس طرح ختم کی جاسکتی ہے؟ ۔