شہداد کوٹ:ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی،3رائس ملز سیل

شہداد کوٹ:ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی،3رائس ملز سیل

قمبر شہداد کوٹ،میرپور خاص(دنیا مانیٹرنگ، نمائندہ دنیا)انتظامیہ کی جانب سے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف تابڑ توڑ کارر وائیاں جاری ہیں۔انتظامیہ نے ذخیرہ کی گئی 16 ہزار گندم کی بوریاں برآمد کرکے 3رائس ملز سیل کر دیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر قمبر اور مختار کار رفیق ناریجو نے نجی گوداموں سے ذخیرہ کی گئی گندم کی 16 ہزار بوریاں برآمد کیں اور ذخیرہ اندوزی پر 3 نجی رائس ملز کو سیل کردیا۔سیل کی گئیں رائس ملز میں ایوب رائس ملز، سبحان رائس ملز اور امام رضا رائس ملز شامل ہیں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر اور مختار کار کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ میرپور خاص سے نمائندے کے مطابق حیسکو نے جھگڑا کرنے اور بقایاجات ادا نہ کرنے پر 52 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔حیسکو کے ایس ڈی او سیٹلائٹ ٹاؤن غلام عباس ملوکانی نے افسران اور عملے پر حملے کے دو مقدمات اپنی مدعیت میں 40 نامزد اور 12 نامعلوم افراد کے خلاف درج کرائے ہیں ۔دوسری جانب حیسکو میرپورخاص کے افسران و عملے پر حملے کے مقدمات میں نامزد 52 میں سے 7 صارفین کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری مقامی عدالت سے منظور ہوگئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں