حق رائے دہی استعمال کرنا ہر فرد کی قومی ذمہ داری ،ضلعی الیکشن کمشنر
سکھر(نمائندہ دنیا) ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر آفس خیرپور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول کوٹ ڈیجی میں ووٹ کی اہمیت اور افادیت سمیت جمہوریت کو مضبوط کرنے کے حوالے سے آگاہی سیمینار ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نعیم الرحمن جلبانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔
سیمینار میں اسکول کی پرنسپل غلام اصغر رند، ہیڈ مسٹریس شبانہ راجپوت، خواتین اساتذہ اور طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نعیم الرحمن جلبانی نے کہا کہ انتخابی عمل میں ووٹ کی بڑی اہمیت ہوتی ہے اور اپنا حق رائے دہی استعمال کرنا ہر فرد کی قومی ذمہ داری ہے جس سے جمہوریت کو مضبوط کرنے میں مدد ملتی ہے اور ووٹ کے اندراج سے عوام اپنے حقوق کے حصول کے لیے آگے آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عوام کی سہولت کے لیے انتخابی فہرستوں میں زیر دفعہ 39 الیکشنز ایکٹ 2017، غیر منجمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔