گواہان کو تحفظ کے قانون پرعمل یقینی بنایا جائے، حسین محنتی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی کی قیادت میں جماعت اسلامی کے پانچ رکنی وفد نے بدھ کو صوبائی وزیر قانون بیرسٹر محمد عمر سومرو سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔
وفد نے انہیں سندھ میں لاقانونیت، اغوا برائے تاوان ،عدالتوں میں مقدمات کے التوا ، بدامنی، قبائلی جھگڑوں میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان اور انصاف کی فراہمی میں تاخیر پر اپنی تشویش سے آگاہ،جنسی درندگی کے بعد بڑی بے دردی کے ساتھ قتل ہونے والی معصوم بچیوں فاطمہ فرڑو، نازیا چنا اور حسینہ کھوسو کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے اور صوبہ میں قیام امن، فوری انصاف کی فراہمی کے لیے پولیس ریفارمز سمیت دیگر قانونی اصلاحات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔صوبائی امیر کا مزید کہنا تھاکہ قاتلوں ودرندہ صفت لوگوں کو فوری سزا نہ ملنے کی وجہ سے ان کے حوصلے بلند اوراسٹریٹ کرائم سمیت دیگرجرائم میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں، مقدمات میں تاخیری حربے استعمال کر کے انصاف میں رکاوٹ اور کیس کو طول دی جاتی ہے ۔قانون کی حکمرانی کے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ گواہان کو تحفظ و دیگرقوانین جو پہلے بنے ہوئے ہیں اس پر عملدرآمد کو یقینی بنایاجائے ۔ پولیس ریفارمز سمیت دیگر قانونی اصلاحات کی جائیں ۔نگراں وزیر نے عوام کو فوری انصاف ، جرائم پیشہ افراد کو سخت سزا سمیت قانونی اصلاحات کے حوالے سے ہرممکن کوشش کا یقین دلایا۔