بابا بھٹ آئی لینڈ کیلئے آر او پلانٹ کو فعال کردیا ،میئر
کراچی(اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بابا بھٹ آئی لینڈ کے مکینوں کے لئے آر او پلانٹ کو فعال کردیا ہے ،بابا بھٹ آئی لینڈ کے ہزاروں مکینوں کو آئندہ دو ماہ تک یومیہ 35 ہزار گیلن پانی فراہم ہوگاجس سے یہاں پانی کی فراہمی کا دیرینہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔
یہ بات انہوں نے بدھ کو یوسی11 ، ماڑی پور ٹاؤن بابا بھٹ آئی لینڈ کے دورے میں ازسرنو فعال کئے گئے آر او پلانٹ کا افتتاح کرنے کے بعد کہی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء لیاقت آسکانی، میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی اور دیگر بھی موجود تھے ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بابا بھٹ آئی لینڈ پر طویل عرصے سے پینے کے صاف پانی کی دستیابی کا سنگین اور شدید مسئلہ درپیش تھا جس پر پیپلز پارٹی کی قیادت نے توجہ دی اور یہاں نصب آر او پلانٹ کو فعال کرنے کے لئے اقدامات کئے گئے ،رواں سال دسمبر سے یہاں کے رہائشیوں کو ایک لاکھ گیلن تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔قبل ازیں میئر کراچی نے ٹاؤن چیئرمین اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ آر او پلانٹ کا افتتاح کیا اور پلانٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے آر او پلانٹ کے ذریعے فراہم کئے جانے والے پانی کی کوالٹی بھی چیک کی اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے کہاکہ پینے کا صاف پانی ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے جس کے بغیر زندگی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔