کے الیکٹرک لائسنس کی تجدید،صارفین وصنعتکاروں کی مخالفت

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کے الیکٹرک کے نیپرامیں بجلی کی تقسیم و فراہمی کیلئے نئے لائسنس کے معاملے میں کے الیکٹرک صارفین، صنعتکاروں اور کاروباری تنظیموں کی اکثریت نے لائسنس تجدید کی مخالفت کردی ۔
کے الیکٹرک صارفین نے اپنی تجاویز نیپرا کو جمع کرادیں۔اتھارٹی 28 نومبر کو لائسنس تجدید سے متعلق کے الیکٹرک درخواست کی سماعت کرے گی۔واضح رہے کہ نیپرا نے کے الیکٹرک کی درخواست پر اسٹیک ہولڈرز سے پہلے ہی رائے طلب کر رکھی تھی۔کے الیکٹرک صارفین نے اپنی تجاویز میں کہا کہ کراچی میں بجلی کا لائسنس کسی دوسری کمپنی کو دیا جائے ۔آبادنے بھی کے ا ی کے لائسنس تجدید کی مخالفت کردی۔ آباد نے اپنی تجویز میں کہا کہ طویل عرصے سے کے الیکٹرک کی خراب کارکردگی برداشت کر رہے ہیں۔ زیادہ بہتر ڈسکوز کو کراچی میں کام کرنے کی اجازت دی جائے ۔دوسری جانب آل سٹی تاجر اتحاد ایسوسی ایشن نے بھی اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ایک سے زیادہ کمپنیوں کو بجلی کا لائسنس دیا جائے ۔ لانڈھی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری نے کہا کہ کے ای کی درخواست کا نیپرا گہرائی سے جائزہ لے ۔ڈیلیور کراچی فورم نے کہا کہ صارفین کی اکثریت نئی کمپنیوں کو لائسنس دینے کا مطالبہ کرتی ہے ۔ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ملیر نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں مسابقت کی اجازت دینے سے سروس بہتر ہوگی۔