شراب برآمد ،سابق تحصیل ناظم کے بھائی کو جیل بھیجنے کاحکم
محراب پور،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) مورو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عبدالکریم کلہوڑو نامی ملزم کو گرفتار کرکے 15 لٹر شراب برآمد کرلی ۔
جھڈو پولیس نے سبزی منڈی کے نزدیک بھاری نفری کے ہمراہ دیسی شراب کی فیکٹری پر چھاپہ مار کارروائی کی اور زمین کے اندر دبائے گئے شراب کے ڈرم نکال کر 2 ہزار 4 سو لٹر دیسی شراب برآمد کرلی اور ملزم خالد کو گرفتار کرلیا جبکہ دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔دوسری کارر وائی میں پولیس نے ملزم ارسلان کمبھار کو گرفتار کرکے گٹکے برآمد کرلیے جب کہ جھڈو تھانے پر گرفتار اور مفرور ملزموں کے خلاف دو الگ الگ مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔ میرپور خاص سے نمائندے کے مطابق مہران پولیس نے جمنا داس کالونی میں مبینہ طورپر اہلکار کی سرپرستی میں چلنے والے جوئیئے کے اڈے پر چھاپہ مار کر چار ملزموں عامر،عبدالرحمن ناصر اور حسنین کو گرفتار کر کے تین پی ٹی سی ایل فون ، تین رجسٹر ،تین لیپ ٹاپ ،ایک ایل سی ڈی ،ایک موڈیم اور 20 ہزار روپے برأٓ مد کرلیے جب کہ پولیس نے مہران تھانے میں اہلکار میر جمن سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ میر جمن موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ کنری پولیس نے سابق تحصیل ناظم کے بھائی سمیت دو افراد کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا،دونوں کے قبضے سے ولائتی شراب کی 14 بوتلیں ملیں۔ کنری پولیس نے گشت کے دوران کنری،میرپورخاص روڈ پر قاضی موڑ کے قریب سابق تحصیل ناظم کنری گل زمان چانڈیو کے چھوٹے بھائی شیر زمان چانڈیو اور عرفان شیخ سے 14 بوتل ولائتی شراب برآمد کرلی۔ پولیس کے مطابق کنری،میرپورخاص روڈ پر گشت کے دوران تلاشی لینے پر دوموٹر سائیکل سوار وں کے قبضے سے 14 بوتل ولائتی شراب برآمد کرلی گئی، گرفتار ملزمان کی شناخت شیر زمان چانڈیو اور عرفان شیخ کے طور پر ہوئی۔ پولیس نے گرفتار دونوں ملزمان کو ریمانڈ کیلئے سول کورٹ سامارو کی عدالت میں پیش کیا ۔ عدالت نے پولیس کو ملزمان کا ریمانڈ دینے کے بجائے انہیں سب جیل عمرکوٹ بھیجنے کا حکم دیا۔
شراب برآمد