شاپنگ مال میں آگ بجھانے کا انتظام تھانہ دھواں نکلنے اور ہنگامی اخراج کے راستے : ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ
کراچی (اسٹا ف رپورٹر)راشد منہاس روڈ پر آرجے شاپنگ مال میں لگنے والی آگ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ فائر بریگیڈ حکام نے اعلیٰ حکام کو ارسال کردی۔مال میں سیفٹی کا انتظام نہیں تھا۔۔
آگ کی اطلاع 6 بجکر انتیس منٹ پر ملی، مال میں فائر فائٹنگ اوردھویں کے اخراج کیلئے بھی کوئی انتظام نہیں کیا گیا تھا، چھ منزلہ شاپنگ سینٹر میں ایمرجنسی انخلا کے راستے موجود نہیں تھے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ حادثے کی صورت میں بیک اپ پر بجلی کا نظام موجود نہیں تھا، ایمرجنسی صورتحال میں بچاؤ کے راستوں کی نشاندہی کی لائٹس موجود نہیں تھیں۔ گراؤنڈ اور فرسٹ فلور پر 230 دکانیں تھیں جن کو بچایا گیا۔دوسری منزل پر موجود 65 دکانیں محفوظ رہیں جبکہ فوڈ کورٹ جل کر خاکستر ہوگیا۔ تیسری منزل کے درمیان میں موجود 65 دکانیں جلیں جبکہ باقی کو محفوظ بنایا گیا۔ چوتھی منزل پر موجود 65 دکانیں جلی جبکہ 20 دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ پانچویں اور چھٹی منزل محفوظ رہی۔ 45 دفاتر کے ملازمین کوریسکیو کیا گیا، 11 افراد آگ لگنے کی وجہ سے نہیں دم گھٹنے سے جاں بحق ہوئے ۔ فائر فائٹرز کو بھی دھواں بھر جانے کی وجہ سے آگ پر قابو پانے اور شہریوں کو ریسکیو کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،آگ تیسری اور چوتھی منزل پر لگی تھی۔کے ایم سی فائربریگیڈ کے 8 فائر ٹینڈرز، 2 وائر باؤزر زاور 2 اسنارکلز نے آپریشن میں حصہ لیاجبکہ ریسکیو 1122 کے 2 فائر ٹینڈر اور پاک بحریہ کا ایک فائر ٹینڈر بھی موجود تھا۔