اسمگلنگ کی روک تھام،انتظامات کی بہتری کیلئے موچکو میں مشترکہ چیک پوسٹ کے قیام کا فیصلہ

اسمگلنگ کی روک تھام،انتظامات کی بہتری کیلئے موچکو میں مشترکہ چیک پوسٹ کے قیام کا فیصلہ

کراچی(اے پی پی ) اسمگلنگ کی روک تھام ، مسافروں کو سہولیات کی فرا ہمی اور ٹریفک کے نظام کو ہمواربنانے کے لیے موچکو میں مشترکہ چیک پوسٹ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

 یہ فیصلہ جمعرات کو ڈی آئی جی جنوبی اسد رضا کی زیر صدرات منعقد اجلا س میں کیا گیا جس میں پاکستان رینجرز سندھ ، کوسٹ گارڈ، کسٹم انٹیلی جنس ،اسٹیٹ مینجمنٹ، انجینئرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ایس ایس پی ضلع کیماڑی محمد عارف اسلم راؤنے مشترکہ چیک پوسٹ کے قیام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ واضح رہے کہ مشترکہ چیک پوسٹ کے لیے تین ایکڑ اراضی مالکانہ حقوق کے ساتھ حاصل کی جارہی ہے ۔ اس حوالے سے تمام محکموں کی مشاورت کے ساتھ باضابطہ ایس او پی بنائی جارہی ہیں۔ چیک پوسٹ میں پولیس، کسٹم سمیت دیگر اداروں کے نمائندے موجود ہونگے ۔ چیک پوسٹ میں سی سی ٹی وی، پی ٹی زیڈ کیمروں کی مدد سے 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ دھماکہ خیز مواد کی نشاندہی کرنے والے ڈیٹکٹرز ، زیادہ حجم والے سامان کو چیک کرنے کیلیے اسکیننگ مشین کے ساتھ ایکسرے مشین بھی نصب کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے ۔ مسافروں عورتوں اور مردوں کے لیے الگ الگ ویٹنگ اورسیٹنگ ایریا بنایا جائے گا۔ لیگل فریم ورک کے لیے نادرا، ایف آئی اے اور ایکسائز اور موٹر وے کے محکموں کو بھی اعتماد میں لیاجائے گا۔ کمرشل اور پرائیوٹ گاڑیوں کو الگ الگ لین سے جبکہ ہیوی وہیکل کوچیک پوسٹ کے باہر سے چیک کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں