نئی ہاؤسنگ اسکیمیں واٹر سپلائی بل سے مستثنیٰ ہونے کا انکشاف

 نئی ہاؤسنگ اسکیمیں واٹر سپلائی بل سے مستثنیٰ ہونے کا انکشاف

میرپورخاص (بیورو رپورٹ) میونسپل کارپوریشن میرپور خاص کی ٹیکس برانچ میں واٹر سپلائی کنکشنز کی ریکوری صفر ،جب کہ نئی ہاؤسنگ اسکیمیں واٹر سپلائی بل سے مستثنیٰ ہونے کا انکشاف ہواہے۔۔۔

 سرکاری محکموں پر 5 کروڑ روپے کے بقایاجات سامنے آئے ہیں، ٹیکنیکل عملہ تعینات نہ ہونے کے سبب واٹر سپلائی بلوں کی وصولی میں مشکلات کاسامناہے ۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کارپوریشن میرپورخاص کی حدود میں ایک اندازے کے مطابق 50 ہزار گھر اور متعدد ہاؤسنگ اسکیموں کے ساتھ ساتھ درجنوں سرکاری دفاتر واقع ہیں۔ کارپوریشن کی ٹیکسیشن برانچ میں ریکارڈ کے مطابق محض 16 ہزار کنکشن سالہا سال سے موجود ہے ،تاہم ان کنکشنز سے سالانہ 8 سے 10 لاکھ روپے وصول ہوتے ہیں۔ذرائع کے مطابق مختلف فرائض پر مامور میونسپل کارپوریشن کے ملازمین میں سے 6 مستقل بیمار ہیں جس کے سبب وہ ڈیوٹی پر ہی نہیں آتے جب کہ باقی 18 ملازمین کی فہرست بنا کر ایم سی ایم کو فراہم کی گئی ہے کہ یہ ملازمین آفس آتے ہیں مگر ان افراد کے نان ٹیکنیکل ہونے کی وجہ سے کام میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔ذرائع کے مطابق میرپورخاص میں میگا پروجیکٹ کے تحت کروڑوں روپے لاگت کی واٹر اسکیمیں مکمل کی گئی ہیں جبکہ جمڑا ؤ پر نیو ویسٹ جمڑاؤ واٹر سپلائی اسکیم کے ذریعے حیدرآباد روڈ کے دونوں اطراف درجنوں ہاؤسنگ اسکیموں کو واٹر کنکشنز بھی فراہم کیے گئے ہیں لیکن ان ہاؤسنگ اسکیموں پر واٹر سپلائی کنکشنز کا کوئی ریکارڈ کارپوریشن کے پاس موجود نہیں ہے ، جس سے محکمے کو سالانہ لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہا ہے ۔ایک اندازے کے مطابق شہر بھر میں سرکاری دفاتر پر واٹر سپلائی اسکیموں کے 5 کروڑ سے زائد کے بقایاجات ہیں ، مگر ڈیوٹی پر نان ٹیکنیکل عملہ ہونے کی وجہ سے کارپوریشن کو ان کی وصولی میں ناکامی کا سامنا ہے جب کہ نئی ہاؤسنگ اسکیموں کو بڑی تعداد میں غیر قانونی طور پر واٹر سپلائی کنکشن فراہم کیے جانے کے سبب شہر کے وسطی علاقوں کے مکین مبینہ طورپر پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں