متاثرہ مریض کے خون کی منتقلی سے ایڈز پھیلتا،ماہرین

متاثرہ مریض کے خون کی منتقلی سے ایڈز پھیلتا،ماہرین

میرپورخاص (بیورو رپورٹ) ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ افس میں تحصیل حسین بخش مری کے اسسٹنٹ کمشنر عرفان نظامانی کی صدارت میں سیمینار منعقد ہوا۔۔۔

 جس میں مرد اور خواتین ڈاکٹروں اور لیڈی ہیلتھ ورکرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر عرفان نظامانی نے کہا کہ سیمینار کا انعقاد اچھا قدم ہے لیکن ایسے سیمینار عوامی مقامات پر بھی کرائے جانے چاہئیں ، تاکہ عام لوگوں کو بھی ایڈز کے بارے میں معلومات مل سکیں جس کے نتیجے میں وہ مرض سے محفوظ رہ سکیں ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آ فیسر ڈاکٹر جیرامداس دیوانی نے لیڈی ہیلتھ ورکروں اور ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ سیمینار سے حاصل ہونے والی معلومات اپنے علاقوں کے لوگوں تک پہنچائیں اور ایڈز کے مریضوں کے ساتھ عام مریضوں سے زیادہ اچھا برتاؤ کر کے ان کا علاج کریں ۔سیمینار سے خطاب کے دوران ڈاکٹر لیکھراج مہیشوری اور اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آ فیسر ڈاکٹر سنتوش کمار نے ایچ آئی وی ایڈز کے بارے میں بتایا کہ میرپورخاص ڈویژن میں ایچ ائی وی ایڈز کے رجسٹرڈمریضوں کی تعداد 300 ہے ،جن کا محکمہ صحت کی جانب سے مفت علاج کیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ایڈز ہاتھ ملانے ، کھانسنے ،سونگھنے ،مصافحہ کرنے ،ساتھ اٹھنے بیٹھنے اور چھونے سے نہیں پھیلتا بلکہ یہ وائرس ایڈز کے مریضوں کا خون دوسرے صحت مند انسان کو منتقل کرنے سے پھیلتا ہے ، اس لیے ہمیشہ ضرورت کے وقت ٹیسٹ شدہ خون لگوائیں ۔انہوں نے مزید کہاکہ نئی سرنج کا استعمال کریں ،حجام یا بیوٹی پارلر میں نیا بلیڈ استعمال کریں ،اس کے علاوہ ازدواجی تعلقات صرف اپنی شریک حیات تک محدود رکھیں اور طبی آلات ہمیشہ نئے استعمال کریں۔ ان کا کہناتھاکہ اگر حاملہ ماں کو ایڈز ہے تو علاج کے ذریعے بچے کو ایڈزسے محفوظ رکھا جا سکتا ہے ۔ مقررین نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ٹیسٹ ضرور کروائیں اور ایڈز ہونے کی صورت میں محکمہ صحت کے مقررہ مراکز سے مفت علاج کروائیں۔ اس موقع پر آ گاہی ریلی بھی نکالی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں