ایم ڈی اے آپریشن ، ہنگامہ کرنیوالے 150افراد کیخلاف مقدمہ درج ، 24ملزم گرفتار

ایم  ڈی  اے  آپریشن  ،  ہنگامہ  کرنیوالے  150افراد  کیخلاف  مقدمہ  درج  ، 24ملزم  گرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)لنک روڈ گلشن حدید کے قریب ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے )کی جانب سے سرکاری زمین واگزار کرانے کیلئے کئے جانے والے آپریشن کے دوران ہنگامہ آرائی کرنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مقدمہ الزام نمبر 240/2024 ٹینٹ سٹی سے گرفتار 24 ملزمان سمیت 150 نامعلوم افراد کے خلاف ہنگامہ آرائی، اقدام قتل، املاک کو نقصان پہنچانے ، دہشت گردی اور کارسرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت درج کیا گیا جن میں جئے سندھ محاذ کے چیئرمین ریاض چانڈیو، کراچی ڈویژن کے صدر ضمیر حاجانو شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں گلشن منگریو، امیر بخش لاشاری، محمد بخش، منور علی سولنگی، حاکم علی، احمد مگسی، عطائاللہ مگسی، نیاز حسین، شمن، پتافی، گل حسن سولنگی، معشوق مگسی، غلام حسین کھوسو، علی نواز کھوسو، عرفان، عبدالرحمان پتافی، اختر علی پتافی، فدا گوپانگ، ذیشان مگسی، اعجاز بلیدی سمیت دیگر کو نامزد کیا گیا ہے ۔مقدمہ اسٹیل ٹاؤن تھانے میں ایم ڈی اے کے افسر ذیشان حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا۔مقدمے کے مطابق حکام بالا نے 2022 میں سیلاب متاثرین کو ایم ڈی اے کی زمین پر پناہ دی تھی جس پر 100 سے 150 افراد سرکاری زمین پر تعمیرات کررہے تھے تاہم غیر قانونی تعمیرات روکنے پر آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران متاثرین کی جانب سے مزاحمت کی گئی جس میں ایم ڈی اے کے 3 افسران زخمی ہوگئے تھے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں