سندھ ہائیکورٹ،غیر قانونی بازار،رکشہ اسٹینڈز ختم کرنیکا حکم

سندھ ہائیکورٹ،غیر قانونی بازار،رکشہ اسٹینڈز ختم کرنیکا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے کورنگی میں مختلف شاہراہوں اور رفاعی پلاٹس پر غیر قانونی بچت بازار اور چنگ چی رکشہ اسٹینڈز ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

 چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی اور جسٹس مبین لاکھو پرمشتمل ڈویژن بینچ کے روبرو کورنگی میں مختلف شاہراہوں اور رفاعی پلاٹس پر غیر قانونی بچت بازار اور چنگچی رکشہ اسٹینڈز قائم کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ مختلف علاقوں میں غیر قانونی بچت بازار اور رکشہ اسٹینڈز قائم کردیے گئے ہیں۔ غیر قانونی سرگرمیوں کو ختم کرنے کا حکم دیا جائے ۔ احکامات کے باوجود غیر قانونی بچت بازار اور رکشہ اسٹینڈرختم نہ کرنے پر عدالت پولیس اور ڈپٹی کمشنر پر برہم ہوگئی۔ جسٹس عقیل احمد عباسی نے ریمارکس دیے کہ سڑکوں پر غیر قانونی بچت بازار اور رکشہ اسٹینڈز قائم ہیں۔ ان کی وجہ سے راستے رکے ہوئے ہیں ،لوگوں کو پریشانی ہوتی ہے ۔ سرکاری وکیل نے موقف اختیارکیا کہ ایس ایس پی کا تحریری جواب آچکا ہے ، ڈپٹی کمشنر کا جواب آنا باقی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر کے جواب کیلئے مہلت دی جائے ۔ عدالت نے شاہراہوں، سروس روڈز اور رفاعی پلاٹس سے بچت بازار اور رکشہ اسٹینڈز ختم کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے آپریشن مکمل کرکے پولیس اور ڈپٹی کمشنر سے 28 مئی کو رپورٹ طلب کرلی۔دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے اغوابرائے تاوان کے الزام میں ملوث سابق ایس ایس پی عمران قریشی اور ڈی ایس پی عمیر طارق باجاری سمیت 8 ملزموں کے 2لاکھ روپے فی کس قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔عدالت نے پولیس افسران کے خلاف شہری منصور شیخ کی دائر کی گئی شکایت پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔دونوں  افسران پر الزام ہے کہ انہوں نے منصور شیخ کو اغوا کرکے نجی گھر میں قیدرکھا تھااور مغوی منصور کے گھر والوں سے تاوان مانگا تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں