کارپوریشن کی غفلت ، سٹریٹ لائٹس دن کو بھی چلتی رہنا معمول

کارپوریشن کی غفلت ، سٹریٹ لائٹس دن کو بھی  چلتی رہنا معمول

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)کمشنر/ایڈمنسٹریٹر سلوت سعید کی سربراہی میں میونسپل کارپوریشن کا انوکھا کارنامہ، ایک طرف شہر بھرمیں ہزاروں سٹریٹ لائٹس کی خرابی دور نہ ہوسکی تو دوسری جانب فعال لائٹس کا دن کے وقت چلتے رہنا بھی معمول بن گیا۔

شہر کی مختلف سڑکوں پر لگی سٹریٹ لائٹس دن کو بھی چلتی رہنا معمول بننے سے نا صرف بجلی کا ضیاع ہوتا ہے بلکہ بل کی مد میں محکمہ کو سرکاری خزانے سے بھاری ادائیگیاں بھی کرنا پڑتی ہیں۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کینال روڈ، جیل روڈ ودیگرمقامات پر لگی سٹریٹ لائٹس کودن کے وقت بند کرنا گوارا نہیں کیا جاتا ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف حکومت کفایت شعاری کا درس دیتی ہے تو دوسری جانب ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سلوت سعید نے معاملے سے نظریں پھیر رکھی ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا نوٹس لیا جائے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ مریم نواز کے احکامات کے باوجود کارپویشن حکام تاحال شہر کی ہزاروں سٹریٹ لائٹس کی خرابی دور کرنے سے قاصر ہیں۔ چیف آفیسر زبیر وٹوکا کہنا ہے کہ سٹریٹ لائٹس چلانے اور بند کرنے کی ذمہ داری عملے کی ہے ،غفلت برتنے والوں پر کارروائی ہوگی جبکہ شہر بھر میں 43ہزار کے قریب سٹریٹ لائٹس ہیں۔ خراب سٹریٹ لائٹس میں سے 8ہزار مرمت کرلی گئی ہیں باقیوں پر کام جاری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں