ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی زیر صدارت بین المذاہب کمیٹی کا اجلاس
کرسمس سمیت تمام مذہبی تہوار مل کر منانا قومی یکجہتی کی علامت ہے ،محمد وسیم
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم اور ڈی پی او صہیب اشرف کی زیر صدارت ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اے ڈی سی جی رانا محمد ابوبکر کے علاوہ ممبران ضلعی امن کمیٹی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جہاں تمام مذاہب کے ماننے والے باہمی احترام کے ساتھ رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری اہلِ کتاب ہے اور ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہے۔
کرسمس سمیت تمام مذہبی تہوار ہم سب کے مشترکہ تہوار ہیں جنہیں مل کر منانا قومی یکجہتی کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور ہمارا مشترکہ مقصد امن، رواداری، بھائی چارہ اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے ۔ ڈی پی او صیہب اشرف نے کہا کہ ضلع میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ مل کر کام کر رہی ہیں۔ تمام مذہبی تقریبات کے دوران فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی تاکہ ہر شہری بلا خوف و خطر اپنی خوشیاں منا سکے۔ اجلاس میں بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کے اراکین نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کا اپنی خوشیوں میں شریک ہونے کی دعوت دینا خوش آئند اقدام ہے ۔