آر پی او فیصل آباد کا دورہ چنیوٹ، تھانہ سٹی میں کھلی کچہری

آر پی او فیصل آباد کا دورہ چنیوٹ، تھانہ سٹی میں کھلی کچہری

ڈی پی او دفتر میں امن کمیٹی سے میٹنگ ،پولیس لائن میں دربار کا انعقاد

فیصل آباد،چنیوٹ(سٹی رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او )فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے گزشتہ وز ضلع چنیوٹ کا دورہ کیا۔چنیوٹ پہنچنے پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آر پی او کو سلامی دی۔آر پی او نے ڈی پی او دفتر میں امن کمیٹی کے ممبران سے میٹنگ کی اوراس دوران ضلع میں امن و ا مان کی صورتحال،اہم معاملات،تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔آرپی اونے ممبران امن کمیٹی کو مذہبی ہم آہنگی،رواداری،بھائی چارے کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ۔ممبران امن کمیٹی نے امن و امان کے قیام،مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔علاوہ ازیں آرپی او سہیل اختر سکھیرا نے لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے تھانہ سٹی چنیوٹ میں کھلی کچہری کا بھی انعقادکیا ۔ کھلی کچہری میں ڈی پی او چنیوٹ ڈاکٹر نوید عاطف،ڈی ایس پیز،ایس ایچ اوز اوردیگر پولیس افسروں اور علاقہ کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

آر پی او نے شہریوں کے مسائل کو سنا اور فوری دادرسی کیلئے احکامات جاری کر دیئے ۔ اس موقع پر گفتگو میں سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد لوگوں کے ساتھ رابطے میں رہنا اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے ۔ امن و امان کے قیام،قانون کے برابر نفاذ اور بروقت انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔بعدازاں آرپی او نے پولیس لائن چنیوٹ میں پولیس دربار کا انعقاد کیا ،جس میں ضلع بھر کے پولیس افسروں وجوانوں،ایلیٹ فورس،لیڈی اہلکاروں اورٹریفک پولیس نے شرکت کی،آر پی اونے شرکا ء سے خطاب میں کہا کہ پولیس فورس کی ویلفیئر کیلئے تمام ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں