رینجرز کیڈٹ کالج چکری میں یومِ والدین کی تقریب
ملک بھر سے کیڈٹس کے والدین،عزیزواقارب اور مہمانوں کی شرکتمہمان خصوصی بریگیڈئیر نیئرعباس سیکٹر کمانڈر نے انعامات تقسیم کئے
اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) رینجرز کیڈٹ کالج چکری کا چوتھا یومِ والدین جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ ملک بھر سے کیڈٹس کے والدین اور عزیز و اقارب اور معزز مہمانان نے تقریب میں شرکت کی۔ بریگیڈئیر سید نیئرعباس سیکٹر کمانڈر ستلج رینجرز مہمان خصوصی تھے۔ کالج کے پرنسپل بریگیڈئیر (ریٹائرڈ) ندیم اختر نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا، تقریب کا با قاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
نوجوان کیڈٹس نے ڈرل، فزیکل ٹریننگ، جمناسٹک، ٹائیکوانڈو اور گھڑسواری کے شاندار مظاہرے پیش کئے اور بلاشبہ ہمیشہ کی طرح رینجرز ایگزیبیشن ڈرل سکواڈ کی پریڈ نے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔ مہمان خصوصی بریگیڈئیر (ر) سید نیئر عباس نے نصابی، ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس اور ہائوسز میں شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔
کیڈٹ عبدالرحمن بھٹہ نے سال کے بہترین کھلاڑی اور کیڈٹ الحمد مصطفی نے تعلیم میں بہترین کارکردگی کی شیلڈ وصول کی۔ کالج پریفیکٹ کیڈٹ الحمد مصطفی سال کے بہترین کیڈٹ قرار پائے۔ سال 2025کی چمپئن ہائوس ٹرافی لیاقت ہائوس نے اپنے نام کی، لیکچرار علی حیدر نے چمپئن ہائوس ماسٹر ہونے کا اعزاز حاصل کیا اور مہمان خصوصی سے شیلڈ حاصل کی۔