ڈپٹی کمشنر کا بھکر جیل کا دورہ،قیدیوں سے تفصیلی ملاقات

 ڈپٹی کمشنر کا بھکر جیل کا دورہ،قیدیوں سے تفصیلی ملاقات

جیل انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے فراہم سروسز پر اظہار اطمینان

بھکر(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنراحسان علی جمالی کا ڈسٹرکٹ جیل بھکر کا تفصیلی دورہ۔اس موقع پر جیل سپرنٹینڈنٹ صدیق گل اورسی ای او ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈاکٹر مظہر عباس بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے جیل میں قیدیوں کو فراہم کردہ سہولیات،بالخصوص طبی انتظامات اور صحت عامہ سے متعلق امور کا بطور خاص جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نیجیل کی مختلف بیرکوں کا معائنہ کیا اور قیدیوں کے لیے دستیاب طبی سہولیات، میڈیکل سٹاف کی حاضری، ادویات کے سٹاک اور علاج معالجے کے مجموعی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے قیدیوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے مسائل دریافت کئے اور محکمہ صحت و جیل انتظامیہ کو اصلاح احوال کے حوالہ سے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے جیل انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کردہ سروسز پر اظہار اطمینان کیا۔انہوں نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قیدی بھی معاشرے کا حصہ ہیں اور بنیادی انسانی حقوق کے تحت انہیں معیاری خوراک اور طبی سہولیات کی فراہمی جیل انتظامیہ کی پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے۔

ڈپٹی کمشنر احسان علی جمالی نے اس امر پر زور دیا کہ جیل میں صفائی ستھرائی، حفظانِ صحت کے اصولوں اور صحت مند ماحول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ طبی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے ،ادویات کی دستیابی ہر وقت یقینی بنائی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر انتظامات اور قیدیوں کو مناسب آگاہی فراہم کی جائے ۔انہوں نے واضح کیا کہ جیلوں میں اصلاحی اور انسانی ماحول کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز نہ برتی جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں