فیصل آباد :کرسمس کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کا پلان جاری
امن و امان کیلئے چرچز اور دیگر مقامات پر 2300 سے زائد افسر و اہلکار تعینات
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر کی ہدایت پر کرسمس کے موقع پر سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق امن و امان قائم رکھنے کیلئے چرچز اور دیگر مقامات پر 2300 سے زائد پولیس افسر و اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔سکیورٹی ڈیوٹی پر 60 سب انسپکٹرز، 280 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز، 168 ہیڈ کانسٹیبل اور 1814 کانسٹیبل تعینات ہوں گے ۔ اسی طرح 107 پکٹ ہائے ڈیوٹی، 44 موبائل گاڑیاں، 88 ایگل موٹر سائیکل گشت، ڈولفن فورس کی 32 ٹیمیں، ایلیٹ فورس کی 8 ٹیمیں جبکہ گرد و نواح کی آبادی اور کرسچین کمیونٹی میں بھی گشت ڈیوٹی سرانجام دی جائے گی۔
اس حوالے سے سی پی او صاحبزادہ بلال عمر نے کہا کہ کرسمس کی آمد کے موقع پر تعینات اہلکار مکمل الرٹ ہو کر سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے ، سیف سٹی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مسلسل مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس لائنز میں 4 ریزرو ہائے کے پولیس جوان سٹینڈ بائی رہیں گے جبکہ چرچز کے گرد و نواح میں ایلیٹ فورس اور ڈولفن فورس کی تازہ دم اور مسلح ٹیمیں گشت کرتی رہیں گی۔