جعلی زائد المیعاد ادویات کیخلاف کاروائی کا فیصلہ خصوصی ٹیمیں تشکیل
نشہ آور انجکشن و ادویات پر زیر وٹالرنس پالیسی،بغیر لائسنس اور نان کوالیفائیڈ پرسن کے میڈیکل سٹورز چلانے پر سخت ایکشن
ملتان (وقائع نگار خصوصی ،خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ ملتان نے جعلی، غیر معیاری اور زائد المیعاد ادویات کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کر لیا ۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی صدارت میں ڈسٹرکٹ ڈرگ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اہم اجلاس ہوا جس میں ادویات کے معیار اور ڈرگ ایکٹ پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا، ضلع بھر میں میڈیکل سٹورز اور ادویات ساز کمپنیوں کی انسپکشن، جاری کارروائیوں اور خلاف ورزیوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 15سے زائد میڈیکل سٹورز کے کیسز عدالت بھجوا دیے گئے ہیں، مزید کارروائیاں بھی جاری ہیں۔
انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بغیر لائسنس اور کوالیفائیڈ پرسن کے میڈیکل سٹورز چلانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی،ڈرگ انسپکٹرز میڈیکل سٹورز، فارمیسیز اور ادویات ساز یونٹس کی بھرپور اور باقاعدہ چیکنگ یقینی بنائیں،نشہ آور انجکشن اور ادویات کی غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف بھی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت ایکشن لیا جائے گا۔اجلاس میں ڈرگ انسپکٹرز پر مشتمل خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں جو فیلڈ میں جا کر اچانک انسپکشن کریں گی اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ مؤثرمانیٹرنگ کی جائے اور رپورٹ باقاعدگی سے پیش کی جائے ۔
دریں اثنائڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے سپیشل ایجوکیشن سنٹر نیو ملتان کا تفصیلی دورہ کیا اورمختلف شعبوں کا معائنہ ، تعلیمی، تربیتی اور بحالی سہولتوں کا جائزہ لیا اور کلاس رومز، ورکشاپس، تھراپی رومز اور دیگر انتظامی امور کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے خصوصی بچوں کو دی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے ۔محمد نعمان صدیق نے کہا کہ خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور ایسے اداروں کا معیار بلند کرنا ناگزیر ہے ۔