گنجان آبادیوں میں گیس ری فلنگ، حادثے کا خدشہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار شہر اور گردونواح میں غیرقانونی گیس ری فلنگ اور کھلی پٹرول ایجنسیوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے پر ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی سوالیہ نشان بن گئی ہے ، جبکہ محکمہ سول ڈیفنس کے ذمہ داران کی پراسرار خاموشی برقرار ہے ۔
شہری علاقوں اور گنجان آبادیوں میں بااثر مافیا نے مبینہ ملی بھگت سے گودام اور حویلیاں کرائے پر لے کر بڑے سلنڈروں سے کم وزن گیس چھوٹے سلنڈروں میں بھرنے کا خطرناک دھندہ شروع کر رکھا ہے ، جس سے کسی بڑے حادثے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔ شہریوں کے مطابق سول ڈیفنس اہلکار کاغذی کارروائیوں تک محدود ہیں۔ شہریوں نے کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر خانیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع کی چاروں تحصیلوں میں غیرقانونی گیس ری فلنگ اور پٹرول ایجنسیوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کر کے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔