معاشی استحکام کیلئے طویل المدتی پالیسی منصوبہ بندی ناگزیر، قیصر شیخ
بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے سہولیات، مراعات میں توسیع ترجیحات میں شامل ہے
اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی وزیرسرمایہ کاری بورڈقیصر شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی استحکام کیلئے طویل المدتی پالیسی منصوبہ بندی ناگزیر ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے سہولیات اور مراعات میں توسیع حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار یہاں لتھوانیا کے اعزازی قونصل جنرل مسعود خان سے ملاقات کے دوران کیا۔ مہمانوں نے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کی جانب سے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کوششوں کو سراہا۔
وفاقی وزیرنے کہا کہ لتھوانیا کی برآمدات پر مبنی ترقی ایک کامیاب ماڈل ہے اوراس حوالہ سے تجربات کا استفادہ کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں برآمدات پرمبنی نمو کی ضرورت ہے، سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے نجی شعبے کواپناکلیدی کرداراداکرنا چاہیے۔ ملاقات میں خصوصی اقتصادی زونز پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔