سائلین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کی ہدایت
شکایات کے اندراج سے حل تک مراحل کی مانیٹرنگ کی جائے ،چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ کا سندھ سیکریٹریٹ میں سائلین کے لیے قائم استقبالیہ کادورہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے سندھ سیکریٹریٹ میں سائلین کے لیے قائم استقبالیہ کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکریٹریٹ آنے والے شہریوں سے براہِ راست ملاقات کی اور ان کے مسائل خود سنیں۔چیف سیکریٹری سندھ نے سائلین مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے متعلقہ سیکریٹریز کو موقع پر ہی ہدایات جاری کیں کہ عوامی مسائل کا فوری اور مؤثر ازالہ یقینی بنایا جائے اور غیر ضروری تاخیر یا پیچیدگیوں کو ختم کیا جائے ۔ترجمان کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایت کی کہ سائلین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور شکایات کے اندراج سے لے کر ان کے حل تک تمام مراحل کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے تاکہ عوام کو بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ انہوں نے استقبالیہ عملے کو بھی ہدایت دی کہ شہریوں کی رہنمائی مؤثر انداز میں کی جائے اور انہیں درست متعلقہ شعبوں تک بروقت پہنچایا جائے ۔چیف سیکریٹری سندھ نے سندھ سیکریٹریٹ میں مجموعی عوامی سہولتوں کا بھی جائزہ لیا اور عوام دوست اقدامات کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ شفافیت، جوابدہی اور بہتر سروس ڈیلیوری صوبائی حکومت کی پالیسی کا بنیادی جزو ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے انتظامیہ ہر سطح پر متحرک رہے گی۔