وزیرِ اعلیٰ بہار کا نقاب کھینچنے کا عمل کھلی مسلم دشمنی ، منعم ظفر
ہندوتوا سوچ نظریہ نہیں،بھارت میں منظم تعصب کی شکل اختیار کر چکی حکمرانوں کو واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے ، مظاہرے سے خطاب
کراچی(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کا ایک مسلم خاتون ڈاکٹر کا حجاب کھینچنا کھلی مسلم دشمنی اور ہندوتوا ذہنیت کا واضح اظہار ہے ۔ ہندوتوا سوچ محض ایک نظریہ نہیں بلکہ بھارت میں ایک ریاستی رویہ اور منظم تعصب کی شکل اختیار کر چکی ہے ،اس پر صرف وزارتِ خارجہ کے بیانات کافی نہیں بلکہ حکمرانوں کو سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے ۔نیو ایم اے جناح روڈ پر جماعت اسلامی کراچی کے حلقہ خواتین کی جانب سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں منعم ظفر خان نے کہا کہ بھارت میں ہونے والا یہ واقعہ کوئی انفرادی یا پہلا واقعہ نہیں بلکہ ایک تسلسل کا حصہ ہے ۔ چند ماہ قبل ایک کالج کی طالبہ مسکان کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک کیا گیا، جبکہ بے شمار واقعات ایسے ہیں جو میڈیا اور اخبارات کی زینت بھی نہیں بن پاتے ۔ بھارت کی نام نہاد جمہوریت اور انسانی حقوق کے دعوے دار خود اپنے ہی شہریوں، بالخصوص اقلیتوں، کا استحصال کر رہے ہیں۔ بھارت ایک کثیر الاقوامی اور کثیرالمذاہب ملک ہے مگر وہاں اقلیتیں غیر محفوظ ہیں، گائے کے گوشت کے نام پر مسلمانوں کو تشدد اور ظلم کا نشانہ بنایا جاتا ہے ۔ مظاہرے سے سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق اور نائب امیر کراچی مسلم پرویز نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرے میں ڈپٹی سکریٹریز حلقہ خواتین ثمینہ سعید،سمیحہ راحیل قاضی،عطیہ نثار، رخشندہ منیب، جاوداں فہیم ودیگر بھی موجود تھے ۔