کرسمس، راولپنڈی میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات
گشت میں اضافہ، رش والے علاقوں کیلئے خصوصی ٹریفک پلان تشکیل
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) کرسمس 2025کے سلسلے میں ضلعی سطح پر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ضلعی بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ کی صدارت میں ہوا۔ کرسمس کے موقع پر سکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی، لائٹنگ، بجلی کی بلاتعطل فراہمی اور مسیحی برادری کی مذہبی سرگرمیوں کیلئے درکار سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سکیورٹی اداروں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کرسمس کے موقع پر گرجا گھروں اور دیگر اہم مقامات پر خصوصی سکیورٹی تعینات کی جائے گی، گشت میں اضافہ کیا جائے گا جبکہ ٹریفک پولیس نے رش والے علاقوں کیلئے خصوصی ٹریفک پلان بھی پیش کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس کے موقع پر شہریوں، بالخصوص مسیحی برادری کو پرامن، محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔