ایشیائی بینک کی ترقیاتی منصوبوں میں معاونت کی یقین دہانی
بینک کے پاس تقریباً 2ارب امریکی ڈالر مالیت کے ترقیاتی منصوبے موجود صوبائی وزیر جام خان شورو سے بینک کی کنٹری ڈائریکٹر کی وفد کے ساتھ ملاقات
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر منصوبہ بندی و ترقی، جام خان شورو سے ایشین ڈیولپمنٹ بینک کی کنٹری ڈائریکٹر مس ایما فین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی سندھ سید نجم احمد شاہ، ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر اسد علیم اور ماہرِ امور سلطان احمد بھی موجود تھے ، ملاقات کے دوران صوبے میں جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں، سرمایہ کاری کے مواقع اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان کے مطابق ایشین ڈیولپمنٹ بینک کے وفد نے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا کہ سندھ کے لیے بینک کے پاس تقریباً 2 ارب امریکی ڈالر مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبے موجود ہیں۔ ان منصوبوں میں سندھ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیولپمنٹ پروجیکٹ، سندھ میں نرسنگ ورک فورس کو مضبوط بنانے کا منصوبہ، پائیدار ٹرانسپورٹ سیکٹر کے منصوبے ، ہنر مندی کے فروغ کے اقدامات، رہائشی منصوبے اور ساحلی علاقوں کے تحفظ سے متعلق پروگرام شامل ہیں۔صوبائی وزیر نے ایشین ڈیولپمنٹ بینک کی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کو جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ ان پر بروقت عملدرآمد شروع کیا جا سکے ۔ سید نجم احمد شاہ نے کہا کہ سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح، ہنر مندی اور انسانی وسائل کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دینا ناگزیر ہے ۔جس پر وفد نے سندھ حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور ترقیاتی منصوبوں میں بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔