لیاری سے ساڑھے 4سالہ بچی بازیاب،اغواکارخاتون گرفتار

لیاری سے ساڑھے 4سالہ بچی بازیاب،اغواکارخاتون گرفتار

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) جیکسن انویسٹی گیشن پولیس نے لیاری میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اغوا کی جانے والی ساڑھے 4 سالہ بچی کو بازیاب کرکے اغوا کارخاتون کوگرفتارکرلیا۔۔

 گرفتار خاتون اغوا کار نے بچی کی رہائی کے لیے 30 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔تفصیلات کے مطابق جیکسن انویسٹی گیشن پولیس نے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے اغوا کی جانے والی ساڑھے 4 سالہ بچی کو بازیاب کرکے اغوا کارخاتون کوگرفتارکرلیا۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی توحید رحمٰن میمن کے مطابق منگل کی شب وقاص نامی شہری نے اپنی ساڑھے 4 سالہ بیٹی کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا تھا اور پولیس کو بتایا تھا کہ ان کے بیٹی کو اسکول سے کوئی نامعلوم خاتون لے کرچلی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مقدمے کے اندراج کے بعد کچھ ہی گھنٹوں میں جیکسن انویسٹی گیشن پولیس نے مغوی بچی کا سراغ لگایا اور لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچی کو بحفاظت بازیاب کرکے ملزمہ ثمینہ زوجہ کامران کو گرفتار کرلیا۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار اغوا کار خاتون نے مغوی بچی کی رہائی کے لیے والدین کو فون کال کرکے 30 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا ، جس پر پولیس نے اغوا کار خاتون کی کال ٹریس کی اور لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچی کو بازیاب کرایا۔ایس ایس پی انوسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی نے بتایا کہ بازیاب کرائی جانے والی بچی کو والدین کے حوالے کردیا گیا ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں