ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر پاکستان میں سوگ کا اعلان

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ملک بھر میں ایک روزہ سوگ اور پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کر دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومت پاکستان اور عوام کی جانب سے ابراہیم رئیسی کی موت پر اظہار تعزیت پیش کیا۔

انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آنے کے بعد ہم پر امید تھے کہ کوئی اچھی خبر موصول ہوگی لیکن افسوس ایسا نہیں ہوسکا جس پر ہم دل کی گہرائیوں سے افسردہ ہیں۔

انہوں نے دعا گو ہوتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام اور ان کے اہل خانہ و ایرانی قوم کو اس سانحے پر صبر جمیل عطا فرمائے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مرحوم ابراہیم رئیسی کے گزشتہ ماہ پاکستانی دورے کو یاد کرتے ہوئے اسے تاریخی قرار دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی شہادت سے تقریباً ایک ماہ قبل ان کی میزبانی کرنے کا تاریخی موقع حاصل ہوا۔

انہوں نے ملک بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے بہت اچھے دوست تھے، اس دکھ کی گھڑی میں برادر ملک ایران سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے آج ملک بھر میں ایرانی صدر و وزیر خارجہ کی وفات پر یوم سوگ منایا جائے گا اور شہدا کے احترام میں پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں